جماعت اہلسنت کے تحت عید میلادالنبی کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے نکلے گا

جماعت اہلسنت کے تحت عید میلادالنبی کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے نکلے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ شاہ تراب الحق قادری نے اعلان کیا ہے کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ سے برآمد ہوگا اور نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا۔پیر کو جماعت کے دفتر میں صحافیوں کے اعزاز میں دعوت حلیم کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے جلوس میں ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی لاکھوں شمع رسالت کے پروانے شریک ہو کر حضور اقدس کی غلامی کا اظہار کرینگے،جبکہ کراچی کے گلی کوچوں سے چھوٹے جلوس برآمد ہوں گے۔عید میلاد النبی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے ہر گھر، گلی پر پرچم نبوی اور چراغاں کا اہتمام ہوگا۔جلسے اور جلوس کے حفاظتی انتظامات اہلسنت کے رضاکار انجام دینگے۔تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ سانحہ نشتر پارک کو ایک سال گزرنے کے باوجود بھی ذمہ دار عناصر کو بے نقاب نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی محرکات کا پتا چلایا جا سکا اور وقت گزارنے کیلئے ایک ٹریبونل قائم کیا گیا جسے کسی منطقی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم کر دیا گیا جس سے بدنیتی کھل کر سامنے آگئی۔عوام اہلسنت کا حکومت پر سے اعتبار مکمل طور پر ختم ہوگیا۔ حکومتی طرزعمل سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت چاہتی ہی نہیں کہ مجرم گرفتار ہوں یا پھر حکومت دہشت گردوں کے آگے بے بس و لاچار ہو گئی ہے۔ ہم حکومت پاکستان پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ملک کی غالب اکثریت عوام اہلسنت کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اپنے حقوق اور شہدائے میلاد کے لہو کا حساب لینے کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی ہمیں میلاد مصطفیٰ منانے سے روک نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اہلسنت کراچی کے تحت یکم مارچ سے استقبال ربیع الاول اور شہدائے نشترپارک کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جلسوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔جس کے مطابق یکم مارچ 2007ء کورنگی ٹاؤن جنرل ورکرز اجلاس،7مارچ اورنگی ٹاؤن میں فکر رضا کانفرنس، 8مارچ لیاری ٹاؤن میں شان اولیاء کانفرنس،9مارچ نیو کراچی ٹاؤن میں امام اہلسنت کانفرنس، 10مارچ بلدیہ ٹاؤن میں فکر رضا کانفرنس، 11مارچ صادقین ہال گلشن اقبال میں علماء و مشائخ کنونشن، 12مارچ لیاقت آباد ٹاؤن میں جلسہ میلاد النبی، 13مارچ شاہ فیصل ٹاؤن میں جلسہ میلاد النبی، 17مارچ ملیر ٹاؤن میں لبیک یارسول کانفرنس، 18مارچ صدر ٹاؤن میں امام احمد رضا کانفرنس، 22مارچ گلبرگ ٹاؤن میں شہدائے میلاد مصطفیٰ کانفرنس انعقاد پذیر ہوں گی جبکہ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے تحت 12ربیع الاول 1428ھ کے جلوس عید میلاد النبی اور جلسہ عید میلاد النبی کے اجتماعات کو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے عید میلادالنبی منانے والی کراچی کی تمام دینی،مذہبی،تبلیغی،سماجی،فلاحی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس 25مارچ 2007ء بوقت صبح 10بجے النساء کلب گلشن اقبال میں منعقد ہوگا۔قبل ازیں جماعت اہلسنت کراچی کے مشاورتی اجلاس میں استقبال ربیع الاول کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا،جبکہ متعدد قراردادیں پیش کی گئیں جن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت،حکومت سندھ پورے ماہ ربیع الاول میں محرم الحرام جیسے انتظامات کو یقینی بنائے۔ پولیس، رینجرز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں، ایجنسیز کو ہائی ریڈ الرٹ رکھا جائے۔سیکورٹی کے تمام انتظامات کو مسلسل چیک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میلاد شریف کے جلسوں اور جلوسوں کی اجازت کیلئے ہم کوئی درخواست نہیں دینگے۔قبل از وقت مجاز اتھارٹی کو تحریری اطلاع کردینگے تا کہ سیکورٹی کے انتظامات میں آسانی ہو۔جمعہ کے اجتماعات کیلئے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ میں نرمی اور اس سلسلے میں اب تک جو ایف آئی آر کٹی ہیں ان کو دس دن کے اندر واپس لینے کا اعلان کیا جائے۔

Advertisements

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out / Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out / Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out / Change )

Google+ photo

You are commenting using your Google+ account. Log Out / Change )

Connecting to %s